جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

بابراعظم اور شاہین آفریدی میں ٹاکرا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ میں لاہور اور کراچی پرانے حریف سمجھے جاتے ہیں مگر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے اس کی کشش میں بے انتہا اضا فہ کردیاہے۔ اس مرتبہ روایتی حریفوں کے اس ٹکراؤ میں توجہ کا مرکز دونوں ٹیموں کے کپتان ہوں گے۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ کے دو نامور ستارے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ شائقین کرکٹ کے لیے بلے اور گیند کی حقیقی جنگ کے مترادف ہے۔ 27 جنوری سے 27 فروری تک کھیلے جانے والے ایونٹ میں متوقع طور پرشائقین کرکٹ کی سب سے بڑی تعداد کراچی کنگز کے کپتان اور اوپننگ بیٹر بابراعظم اور لاہور قلندرز کے کپتان اور اسٹرائیک باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے مقابلے کی منتظر ہے۔

بابراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور شاہین شاہ آفریدی باؤلنگ اٹیک کے لیڈنگ باؤلر بھی ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کیلنڈر ایئر 2021 میں پاکستان کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈ 20 فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ۔

- Advertisement -

بابراعظم نے گزشتہ سال ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 1779 رنز بنائے۔ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اب تک 7471 رنز بناچکے ہیں۔ وہ اس طرز کی کرکٹ میں 18 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔

دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال 50 ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ گزشتہ سال صرف تین باؤلرز ہی یہ کارنامہ انجام دے سکے تھے۔انہوں نےکیلنڈر ایئر 2021 میں 21 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں کھلاڑی اس سے قبل 7 مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آمنے سامنے آچکے ہیں۔ ان 7 میچز میں شاہین شاہ آفریدی کی 46 گیندوں پر بابراعظم صرف ایک مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں اور 73 رنز بنائے ، جس میں 12 چوکے شامل ہیں۔

دونوں حریفوں کا اس مرتبہ بھی پاؤر پلے میں ہی آمنا سامنا متوقع ہے، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی اکانومی 6.66 اور بابراعظم کے رنز بنانے کی اوسط 77.42 کی ہے۔

دونوں ٹیمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں 30 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔ اب تک کھیلئے گئے 13 مقابلوں میں لاہور قلندرز نے صرف پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بابراعظم،کپتان کراچی کنگز:

کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم کا کہناہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے قومی کھلاڑیوں کی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے ان کے اپنے کھیل میں نکھار پیدا ہوا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ کسی بھی بیٹر کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ وہ اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان میں سیکھنے کی لگن ہے اور حالیہ چند سالوں میں ان کےکھیل میں نمایاں بہتری واضح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ کرنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

شاہین شاہ آفریدی، کپتان لاہور قلندرز:

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ان سمیت کئی فاسٹ باؤلرز کے لیے ایک لانچنگ پیڈ کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہاں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری میں بھرپور مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ایک میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف ان کی چار رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والی کارکردگی نے ان میں خود اعتمادی پیدا کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم ایک باصلاحیت بیٹر ہیں اور ان کی مضبوط تکنیک کی وجہ سے انہیں باؤلنگ کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ وہ کبھی بھی گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پھینک کر باؤلر کے منصوبے کو خاک میں ملا دیتے ہیں۔

انہیں امید ہے کہ ان کا بابراعظم کا یہ مقابلہ لاہور اور کراچی کی عوام کے لیے ایک دلچسپ میچ ہوگا، جس سے وہ بہت لطف اندوز ہوں گے۔

کراچی کنگز:
بابراعظم (کپتان)، کرس جارڈن، عماد وسیم، لوئس گریگوری، محمد نبی، محمد عامر، عامر یامین، جوئے کلارک، شرجیل خان، عمید آصف، ٹام ایبل/این کاک بین، روحیل نذیر، محمد عمران، محمد الیاس، فیصل اکرم ، قاسم اکرم / محمد طحہ ، طلحہ احسن ، روماریو شیفرڈ ، صاحبزادہ فرحان، جارڈن تھامسن
لاہور قلندرز:
شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، راشد خان، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف، عبداللہ شفیق، فل سالٹ/بین ڈنک، ہیری بروک، کامران غلام، ڈین فاکس کرافٹ، سہیل اختر، ذیشان اشرف، احمد ذیشان، احمدخان، معاذ خان، سمت پٹیل، سید فریدون، عمران رندھاوا اور عاکف جاوید

Comments

اہم ترین

مزید خبریں