ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے لاہور قلندرز کے خلاف شکست کے بعد گفتگو کی اور انہوں نے شکست کا ذمہ دار خراب فیلڈنگ کو قرار دیا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ اتنے اہم میچ میں تین چار کیچ چھوڑیں گے تو یہی نتیجہ آئے گا، ہم وہی غلطیاں دہراتے رہے جو شروع سے کرتے آ رہے تھے۔
لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہراکر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی
پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کوشش تھی لاہور کو 130 تک محدود کریں لیکن کیچز چھوڑنے کی وجہ سے ڈیڑھ سو رنز بن گئے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ میں کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنا پسند کرتا ہوں، لیکن میں ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق اپنی بیٹنگ پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ اتوار کو پی ایس ایل 10کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جس کے بعد ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی 4 ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوگیا۔
لاہور قلندرز سے شکست کے بعد بابر اعظم کی پشاور زلمی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچے کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔