تازہ ترین

راولپنڈی ٹیسٹ: بابر اعظم کا "اسپن ہتھیار” کے ساتھ میدان میں اترنے کا عندیہ

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بابراعظم نے راولپنڈی کی کنڈیشن کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے دن نیٹ پریکٹس مکمل ہونے پر ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ جیتنے کے بعد لڑکےکافی اچھے ردھم میں ہیں، میں نےجوپلان لڑکوں کو دیا انہوں نےاسے سپورٹ کیا ہے۔

راولپنڈی کی پچ سے متعلق کپتان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پچ کراچی ٹیسٹ کی طرح ہی لگ رہی ہے، کل پچ دیکھ کر پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم نے بتایا کہ راولپنڈی میں کنڈیشن بادلوں کی وجہ سے ہمیشہ مختلف ہوتی ہے، ایسی صورت میں مجھے نہیں لگتا کہ ہم چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں عبداللہ شفیق اور سعودشکیل کو فائنل الیون میں شمولیت کا عندیہ دیتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ عبداللہ شفیق اور سعودشکیل دونوں ہی نوجوان باصلاحیت بلےباز ہیں، سعودشکیل کو فرسٹ کلاس کا وسیع  تجربہ ہے اور وہ اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں۔

ادھر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے 17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لئے کراچی ٹیسٹ کے سترہ رکنی اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

 

Comments

- Advertisement -