اشتہار

پی ایس ایل 9 میں بابراعظم کونسا اہم ترین ریکارڈ بنا سکتے ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

کرکٹ کی دنیا میں کئی برسوں سے کامیابیاں حاصل کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اس سال پی ایس ایل میں 2 اہم ریکارڈز بنا سکتے ہیں۔

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اپنے کیرئیر میں اب تک کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کیے، اس دوران انہوں نے ویرات کوہلی سمیت پاکستان کے لیجینڈز کھلاڑیوں کے ریکارڈ توڑے، تاہم ان کی پرفارمنس میں ورلڈ کپ کے دوران نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے بعد انہوں نے کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

پاکستان کی سب سے بڑی لیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا نواں سیزن کا آغاز آج لاہور میں شروع ہورہا ہے تاہم اس سیزن میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔

- Advertisement -

بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے سے صرف 74 رنز دور ہیں اس سے قبل کرکٹ کی دنیا میں صرف 12 بلے باز ہی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں جس میں کرس گیل، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، ایلکس ہیلز، ڈیوڈ وارنر، ویرات کوہلی، ایرون فنچ، روہت شرما، جوش بٹلر، کولن منرو، جیمز ونس اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔

بابر اعظم اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 279 میچز میں 9926 رنز بنا چکے ہیں، انہوں نے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں مختلف لیگز کھیلتے ہوئے 10 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

دوسری جانب بابر اعظم پی ایس ایل کا آٹھ سیزن کھیل چکے ہیں، وہ پی ایس ایل میں رنز بنانے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں، انہوں نے 79 میچوں میں 2935 رنز بنائے اس دوران انہوں نے 8 نصف سنچریاں اور ایک سنچری بھی اسکور کی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو 3000 رنز مکمل کرنے کے لیے اب 65 رنز بنانے ہیں جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 3000 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل کی اس ایڈیشن میں دونوں سنگ میل عبور کرسکتے ہیں، پشاور زلمی کا پہلا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اتوار 18 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں