پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل سابق کپتان بابراعظم کے حوالے سے اپنے یوٹیوب چینل پر پیشگوئی کی ہے۔
گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتانی سے محروم ہونے والے بابر اعظم ممکنہ طور پر آئندہ آئی سی سی میگا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی میں فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے کیونکہ نوجوان اوپنر صائم ایوب انجری کے باعث اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
ایسے میں سابق بیٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ اگر بابر اعظم چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتے ہیں تو ان کے لیے اوپننگ پوزیشن ایک بہانہ بن سکتی ہے، تاہم ٹیم میں ان کی جگہ برقرار رہے گی چاہے وہ کتنے ہی رنز بنائے۔
باسط علی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں کارکردگی سے قطع نظر بابر کی ٹیم میں جگہ متاثر نہیں ہوگی، مجھے امید ہے کہ بابر پرفارم کرے گا، اگر وہ پرفارم کرے گا تو کہے گا کہ میں نے پاکستان کے لیے کھیلا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ اگر بابر پرفارم نہیں کرتا تو وہ کہے گا کہ مجھے زبردستی اوپنر بنایا گیا تھا۔
چیمپئنزٹرافی کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان ہوچکا ہے، محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ فخر زمان کے ساتھ ممکنہ اوپنر بابراعظم ہونگے جبکہ کچھ حلقے کپتان رضوان کا نام لیتے بھی نظر آئے تھے۔