پشاور : باچا خان ایئر پورٹ پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا سی اے اے حکام نے رہورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر طیارے پر سیڑھی لگانے والی گاڑی بورڈنگ برج سے ٹکرا گئی، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج نمبر ایک کو نقصان پہنچا۔
تاہم خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے، گاڑی ٹکرانے کی وجہ سے بورڈنگ برج کو نقصان پہنچنے کے باعث اسے استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے چیف آپریٹنگ آفیسر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
غفلت کا مظاہرہ کرنے والے نجی کمپنی کے ڈرائیور کیخلاف کاروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، دوسری جانب سی اے اے نے بورڈ نگ برج کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا ہے تاکہ ائیر پورٹ پر آپریشن متاثر نہ ہوسکے