چارسدہ: خیبرپختونخواہ میں دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والی باچا خان یونی ورسٹی آج درس و تدریس کے لئے کھول دی گئی۔
باچا خان یونی ورسٹی کو آج سے 26 روز مسلح دہشت گردوں نے بربریت کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 21افراد شہید جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں یونی ورسٹی پر حملہ آورہونے والے چاروں ملزمان مارگرائے گئے تھے۔
باچا خان یونی ورسٹی میں کل 3000 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں جن کی حفاظت کوزیرنظر رکھتے ہوئے ہر100 میٹرپر واچ ٹاورز تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔
چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونی ورسٹی کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
یونی ورسٹی انتظامیہ کے مطابق جامعہ میں آج سے درس وتدرس سمیت تمام دیگرہم نصابی اورغیرنصابی سرگرمیاں مکمل طریقے سے بحال کردی جائیں گی۔