لاہور: آٹا چکی ایسوسی ایشن نے چکی آٹے کی قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چکی آٹا کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا، آٹا چکی ایسوسی ایشن نے قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ کر دیا، جس کے بعد چکی آٹے کی قیمت 64 روپے سے 70 روپے فی کلو ہو گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آٹے کی قیمت میں پہلے بھی 4 روپے اضافہ کیا گیا تھا، چکی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ سے گندم 2 ہزار روپے فی من ملتی ہے، فلور ملز کو وہی گندم 1350 روپے میں فراہم کی جاتی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ادھر فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے آٹے کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
نئے سال کے پہلے ہی ہفتے میں مہنگائی میں اضافہ
خیال رہے کہ آج ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں بھی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے تذکرہ کیا کہ آٹے کی 6 روپے فی کلو بڑھ گئی ہے، سارا بوجھ عام آدمی پر آ رہا ہے، حکومت کیا کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی ریٹیل گروسرز گروپ نے کہا تھا کہ گندم کی قلت کے باعث آٹے کی قیمت میں 5 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 62 روپے فی کلو، چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے، تاہم آٹے کی قیمت میں یہ اضافہ عارضی ہے، گندم کی سپلائی بحال ہونے پر قیمت واپس آ جائے گی۔
گروپ کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی فی لیٹر 20 سے 30 روپے کا اضافہ کیا گیا، کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 254 روپے ہو گئی، گھی کی قیمت 256 روپے فی کلو ہوگئی، آئل مینوفیکچررز نے اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔