اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی کا کہنا ہے کہ الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد منظوری کے بعد میڈیا پر اپنا مؤقف واضح کر دیا تھا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ مؤقف واضح کرنے کے باوجود پارٹی کی جانب سے ملنے والے شوکاز پر دکھ ہوا، اس میں عائد الزامات غلط ہیں جن کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
بہرہ مند تنگی نے کہا کہ اصولی طور پر شوکاز جاری نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن پھر بھی اس کا جواب دوں گا، پارٹی سینیٹرز نے قرارداد کے معاملے پر میرا ساتھ نہیں دیا جو ان کو سب کے سامنے رکھنا چاہیے تھا۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ شیری رحمان نے شوکاز سے ذاتی نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور انہوں نے سیاسی مخالفین کو پارٹی پر تنقید کا موقع دیا، قیادت ساتھ کھڑی ہوتی تو مسلم لیگ (ن) اور مخالفین کو تنقید کا موقع نہ ملتا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے شوکاز میں عائد دونوں الزامات غلط ہیں کیونکہ اجلاس میں تقریر قرارداد پیش ہونے سے پہلے کی تھی، میری تقریر ملکی سکیورٹی صورتحال اور ذاتی مسئلے پر تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریر میں قرارداد کی حمایت اور الیکشن التوا کا ذکر نہیں تھا، تقریر قیام امن اور برابری کی بنیاد پر الیکشن سے متعلق تھی، مجھ پر قرارداد کے حق میں تقریر اور حمایت کا الزام سنگین مذاق ہے۔