ہفتہ, اپریل 26, 2025
اشتہار

بحریہ یونیوسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا گیارواں کانوکیشن؛ 285 گریجویٹس میں اسناد تقسیم

اشتہار

حیرت انگیز

بحریہ یونیوسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا گیارواں کانوکیشن بروز ہفتہ 26 اپریل 2025 کو ابنِ سینا اآڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

اس کانوکیشن کے دو سیشنز ہوئے۔ ان سیشنز کے مہمان خصوصی بالترتیب پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع ، صدر کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز آف پاکستان اور ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان تھے۔ فارغ التحصیل گریجویٹس کی تقریب حلف برداری کا فریضہ ڈین ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر شہلا بقایٔ ہلال امتیاز (ملٹری) نے انجام دیا۔

جس کے بعد مہمان خصوصی نے ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ڈی پی ٹی ، نرسنگ اور میڈیکل لیب ٹیکنالوجی کے فارغ التحصیل طلبہ اور طالبات میں اسناد اور امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں تمغے تقسیم کیے ۔اس تقریب میں 285 فارغ التحصیل گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

اس کانوکیشن کی تقریب میں پاکستان نیوی کے آفیسرز ، رجسٹرار بحریہ یونیورسٹی اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد نے شرکت کی بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کراچی کے ڈائریکٹر جنرل وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) اطہر مختار ہلال امتیاز (ملٹری) نے خطاب کرتے ہوئے طلباء اور طالبات کو محنت اور عزم کے ذریعے شاندار کارکردگی پرانہیں سراہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان گریجویٹس اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو اس انداز سے پیش کریں کہ وہ اپنے عظیم شعبے کی روایات برقرار رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے مطابق انسانیت کی خدمت اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔

پہلےسیشن کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد شعیب شفیع ، صدر سی پی ایس پی نے تمام گریجویٹس بالخصوص گولڈ اورسلور میڈلز حاصل کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور انہوں نے اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو سراہا اور گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ وہ ایمانداری ،دیانتداری اور استقلال کو اپنائیں کیونکہ یہ عظیم پیشے سے وابستہ افراد کی بنیادی خصوصیات ہیں۔ دوسرے سیشن کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے فارغ التحصیل گریجویٹس کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل کے باصلاحیت ہیلتھ پروفیشنل بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید اپنے خطاب میں فارغ التحصیل گریجویٹس کی جدوجہد اور ان کی انتھک محنتوں کو سراہا اور ان کے روشن مستقبل ، کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

سیشنز کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) اطہر مختار ہلال امتیاز (ملٹری) نے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع صدر سی پی ایس پی اور ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ایچ ای سی کو سوینیئر پیش کئے۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں