کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی متاثرہ فیکٹری کو 10 سال بعد منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، فیکٹری کی ایک منزل منہدم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دس سال قبل پاکستان کی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا، جب بلدیہ ٹاؤن کی علی انٹرپرائز فیکٹری میں آتش زدگی سے 250 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، قاتل تو کیفر کردار تک نہ پہنچے، تاہم جائے وقوعہ کو منہدم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے متاثرہ فیکٹری کو مخدوش قرار دیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس میں 2 ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی، سزائے موت پر عمل درآمد اب تک نہیں ہوا مگر مالکان کو فیکٹری حوالے کر دی گئی۔
ملزمان کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں اب بھی ہائی کورٹ میں زیر التو ہیں، متاثرین نے دعویٰ کیا ہے کہ فیکٹری مالکان نے وعدے کے مطابق آج تک متاثرین کی کوئی مدد نہ کی۔