کوئٹہ: کرونا وائرس کے باعث بلوچستان حکومت نے21 دن تک جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے بعد بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ صوبہ بلوچستان میں تمام بڑے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں تین ہفتے کے لیے بند رہیں گی۔
حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بین الصوبائی، اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 3 ہفتے کے لیے بند رہےگی، محکمہ داخلہ بلوچستان کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کل سے شروع ہوگا۔
لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جا رہے،فردوس عاشق اعوان
دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی طرف نہیں جا رہے، لاک ڈاؤن کی طرف گئے تو اس کا نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنائیں، لاک ڈاؤن ہوگا تو عوام کو فوڈ اور جاب سیکیورٹی جیسے ایشو ہوسکتے ہیں، لاک ڈاؤن کو ڈیلی ویجز ملازمین برداشت نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 500 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔