اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پاکستان اور افغانستان میں آنے والے بدخشاں زلزلے کی تباہ کاریوں پراظہارافسوس کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے پاکستانی دفتر سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ افراد کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اقوام ِ متحدہ اور عالمی برادری پاکستان اور افغانستان کے ساتھ ہے۔
بان کی مون نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ 2005 میں آنے والے کشمیر کے ہولناک زلزلے کی دسویں سال کے موقع پر آنے والے اس زلزلے نے سانحے کے حزن وملال میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اورعوامِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں پاکستان نے قومی سطح پراس قسم کے سانحات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے اس موقع پرقومی اورصوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت اور فوری اقدامات کئے۔
انہوں نے دکھ کے اس موقع پراقوام متحدہ اورعالمی برادری کی جانب سے پاکستان اورافغانستان کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتِ پاکستان نے مدد طلب کی تواقوام متحدہ کی تمام ایجنسیزاس کے لئے تیارہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں پاکستان میں لوگوں سے ملا ہوں وہاں کے لوگ بے پناہ مضبوط قوت ارادی کے مالک ہیں اور کسی بھی صورت ہمت نہیں ہارتے۔