لاہور: بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق کو اہم عہدے کی پیشکش کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ( بی سی بی) نے اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق سے رابطہ کیا ہے اور انہیں بطور بولنگ کوچ کی پیشکش کی ہے، جس پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
عبدالرزاق پاکستان اس وقت کرکٹ بورڈ میں بطور ریجنل ہیڈکوچ و قومی سلیکٹر کام کررہے ہیں۔
بطور آل راؤنڈر قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے عبدالرزاق نے 343 میچز کھیلے، اپنے 17 سال کیریئر میں انہوں نے 46 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا جس میں انہوں نے 6 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی بدولت 7 ہزار 419 رنز اسکور کیے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے ثقلین مشتاق کو منا لیا
عبدالرزاق کا بولنگ کیریئر بھی کافی متاثر کن رہا انہوں نے 343 میچز میں 389 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کو منا لیا ہے، ثقلین مشتاق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سر انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔