بنگلہ دیش میں مخلوط عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ طلبہ نے ملک کو بچایا ہے اور بنگلہ دیش نوجوانوں کا ہے۔
بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کے مستعفی اور ملک سے فرار ہونے کے بعد آج سے عبوری مخلوط حکومت قائم کی جا رہی ہے جس کی قیادت نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کریں گے۔
ڈاکٹر محمد یونس نے وطن واپسی کے بعد طلبہ رہنماؤں کے ہمراہ ڈھاکا میں پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گھر آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ہم سب کو مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر یونس جو میڈیا سے گفتگو کے دوران آبدیدہ بھی ہوگئے، انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو طلبہ نے بچایا ہے اور یہ ملک نوجوانوں کا ہے۔ ہمیں انتشار سے بچنے کے لیے حکمت عملی بنانا ہوگی اور امن قائم کرنا ہوگا۔
عبوری حکومت کے سربراہ نے بنگلہ دیش کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی نئی حاصل کی گئی آزادی کا تحفظ کرنا ہوگا۔
بنگلادیش میں نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کی عبوری کابینہ آج حلف اٹھائے گی