پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ سفارتی اہلکار کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں متعین بنگلہ دیش کے اعلیٰ سفارتی اہلکار کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
کوہسار تھانے میں بنگلہ دیشی سفارت کار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مجرمانہ دھمکی کی دفعہ 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ چند نا معلوم افراد مدعی مقدمہ کا پیچھا کر رہے ہیں اور نقل وحرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں جب کہ نامعلوم افراد نے میری تصاویر بھی کھینچی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ دھمکی آمیز خط کچھ دن قبل بنگلہ دیشی سفارت خانے کو موصول ہوا جس نے خوف اور پریشانی کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کے خاتمے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک میں تجارت سمیت کئی رابطے براہ راست بحال ہوئے ہیں جب کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔
54 سال بعد پاکستان اور بنگہ دیش کے درمیان سمندری راستے سے تجارت بحال
دوسری جانب بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوچکی ہے اور بنگلہ دیش نے اپنے سفارت کاروں کو واپس بنگلہ دیش بلا لیا ہے۔