جمعرات, مارچ 6, 2025
اشتہار

بنوں کینٹ پر حملے میں 16 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بنوں کینٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں 16 دہشت گرد ہلاک، 5 اہلکار اور 13 بے گناہ شہید ہوئے تھے، جب کہ 32 افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے بنوں کینٹونمنٹ پر ہونے والا خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام بنایا گیا، جس میں حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری 2 گاڑیاں دیوار سے ٹکرائیں، جس سے کینٹ کی حفاظتی دیوار کو نقصان پہنچا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور جرات مندانہ کارروائی سے 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، خودکش دھماکوں سے مسجد اور سویلین رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئی، مسجد اور عمارت گرنے سے 13 بے گناہ شہری شہید 32 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں افغان شہریوں کی شمولیت کے شواہد ملے ہیں، جن سے واضح پتا چلتا ہے کہ یہ حملہ افغانستان سے خوارج کے سرپرستوں نے ترتیب دیا تھا، پاکستان توقع کرتا ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے گی، اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کے جواب میں ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ثابت قدم ہیں۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں