بنوں : خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں منڈان فتح خیل پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوا، جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس جوانوں کی بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی سےدہشت گرد فرار ہوگئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں : بنوں : تھانہ بکاخیل پر دہشت گردوں کی حملے کی کوشش ناکام
گذشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ بکاخیل پر دہشت گردوں کی حملے کی کوشش ناکام بنائی تھی ، پولیس کا کہنا تھا کہ جوانوں نے دہشت گردوں کی نقل وحرکت تھرمل کیمرے سے دیکھی، اہلکاروں نے دہشت گردوں کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر فائرنگ کی اور بروقت جوابی کارروائی سےدہشت گرد فرار ہوگئے تھے۔
اس سے قبل پولیس پوسٹ دھڑے پل پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا ، سینٹرل پولیس آفس نے بتایا تھا کہ فتنہ الخوارج کے 19 ،18 دہشت گرد جن میں سے کچھ 8 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، دہشت گردوں کا ایک گروپ رینگتے ہوئے پولیس پوسٹ کی طرف بڑھ رہا تھا۔