اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

بڑی خبر، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: کرونا مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا مریضوں کی سہولت کے لیے ڈریپ اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، یہ گولی آئندہ ماہ ملک میں دستیاب ہو گی۔

ڈریپ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی کی فارما کمپنی ایکٹیمرا کی متبادل گولی اسپین سے درآمد کر رہی ہے، یہ گولی بیریسٹینیب (Baricitinib) سالٹ سے تیار شدہ ہے، جب کہ ایکٹیمرا کی متبادل ٹوفاسٹینیب گولی گزشتہ ماہ سے دستیاب ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹوفاسٹینیب، بیریسٹینیب مؤثر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور یہ عالمی سطح پر ایکٹیمرا کا بہترین متبادل ہیں، دنیا میں ایکٹیمرا کی قلت پر متبادل دوا متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا تھا، بیریسٹینیب گولی ایکٹمرا انجکشن کے مقابلے کئی گنا سستی ہے۔

بیریسٹینیب کی 7 گولیوں کا پیکٹ 38 ہزار 389 روپے میں دستیاب ہوگا، جب کہ 200 ایم ایل ایکٹیمرا انجکشن کی مقررہ قیمت 60 ہزار روپے ہے، ایکٹیمرا انجکشن کرونا کے تشویش ناک مریضوں کو لگایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے رواں ہفتے بیریسٹینیب گولی کی قیمت مقرر کی ہے، جب کہ ڈریپ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی کے درآمد کی اجازت دے چکی ہے۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں