تازہ ترین

بارکھان: کوہ جاندران میں آگ بے قابو، سیکڑوں قیمتی جڑی بوٹیاں جل کر خاکستر ہوگئیں

کوہلو اور بارکھان کے سنگم پر واقع کوہ جاندران میں آگ لگنے سے سیکڑوں درخت و قیمتی جڑی بوٹیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بارکھان میں پہاڑی سلسلے کوہ جاندران کے جنگلات میں لگی آگ شدت اختیار کرگئی، دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ پرتاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

ذرائع کے مطابق کوہ جاندران میں آگ ہفتے کی دوپہر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سیکڑوں درخت اور قیمتی ونایاب جڑی بوٹیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، آگ کئی کلو میٹر تک ملحقہ علاقے میں پھیل گئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ پی ڈی ایم اے کو فوری طور پر آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے ڈپٹی کشمنر بارکھان کی درخواست پر بارہ کور سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا ہے، ہیلی کاپٹر میں بامبی بکٹ نصب کر کے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کوہ جاندران سطح سمندر سے چھ ہزار سات سو فٹ بلندی پر واقع دشوار گزار پہاڑی سلسلہ ہے، آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -