بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

بیرسٹر علی ظفر نے اسد قیصر کو چیئرمین پی ٹی آئی نامزد کرنے کی تردید کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے بیرسٹر گوہر کو ہٹا کر ان کی جگہ اسد قیصر کو پارٹی چیئرمین نامزد کرنے کی خبر کی تردید کر دی۔

بیرسٹر علی ظفر نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا کہ میں نے اسد قیصر کو چیئرمین اور علی محمد خان کو سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا بیان نہیں دیا، میری آج بانی سے جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

- Advertisement -

قبل ازیں، خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے بتایا تھا کہ اسد قیصر چیئرمین جبکہ علی محمد خان کو مرکزی جنرل سیکریٹری نامزد کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی بتایا گیا تھا کہ شوکت یوسفزئی کے بیان کی تصدیق بیرسٹر علی ظفر نے کی جنہوں نے کچھ دیر قبل بانی سے جیل میں ملاقات کی تھی۔

بیرسٹر علی ظفر سے منسوب بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’بانی سے ابھی ملاقات ہوئی انہوں نے یہی فیصلہ کیا، انہوں نے پرانے لوگوں کو موقع دیا کہ وہ پارٹی کو لیڈ کریں۔ بانی نے اسد قیصر اور علی محمد خان کو ملاقات کیلیے اڈیالہ جیل بلا لیا ہے۔‘

خبر کے فوری بعد اسد قیصر کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے پارٹی چیئرمین نامزد کرنے کی اطلاعات درست نہیں، سیکریٹری جنرل سے متعلق فیصلہ بانی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

تاہم اس قبل، سلمان اکرم راجہ کا بطور مرکزی جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ سامنے آیا جبکہ اس کے کچھ دیر بعد صاحبزادہ حامد رضا پی ٹی آئی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا کے مطابق وہ قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بانی پی ٹی آئی کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے بعد قومی اسمبلی سے بھی استعفیٰ دے دوں گا، فائنل کال میں ناکامی پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ضیاء الحق
ضیاء الحق
ضیاء الحق پیشے سے صحافی ہیں اور بیوروچیف اے آر وائی نیوز خیبر پختوانخواں کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں