پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوامی منصوبے اپنے نام سے منسوب کرنے پر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز خود کو اور والد نواز شریف کو زبردستی ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، جو عوامی ووٹ سے نہیں آئے وہ عوامی منصوبوں کو اپنے نام سے کیسے منصوب کر سکتے ہیں؟
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ انہیں تو لندن کے فلیٹس بھی اپنے نام سے منسوب کرنے کا حق نہیں، لندن کے فلیٹس بھی عوام کے ٹیکسوں کی چوری سے بنائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی شخصیت میری سیاست اور سوچ کا محور ہے، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، نواز شریف اور مریم نواز نے ایسا کون سا کارنامہ انجام دیا جس پر فخر کیا جا سکے؟
واضح رہے کہ مئی میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا کے سب سے بڑے نواز شریف فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ انہوں نے فلائی اوور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیاری کو سراہا، فلائی اوور ہیڈ برج کی آٹھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہوئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبائی وزیر صہیب احمد بھرت نے فلائی اوور سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ 2.2 ارب کی لاگت سے مکمل ہونے والا فلائی اوور 1.3 کلو میٹر طویل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر فلائی اوور سے 30 ہزار سے زائد گاڑیاں مستفید ہوں گی، فلائی اوور سے خوشاب، میانوالی اور بھکر کی تمام تحصیلوں سے سرگودھا آنے والے شہری فائدہ اٹھا سکیں گے۔
صوبائی وزیر نے مریم نواز کو بتایا کہ فلائی اوور کے اطراف میں سروس روڈ اور سیور چینل باکس بھی مکمل ہوگیا ہے۔