کراچی: شہر قائد میں چوری کے نت نئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے مگر ارباب اختیار کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
کراچی شہر میں ایک بار پھر بیٹری چور سرگرم ہوگئے ہیں، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں گاڑیوں کی بیٹری چوری کی کئی وارداتیں ہوچکیں ہیں تاہم ابھی تک متعلقہ ادارے کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کرسکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بیٹری چوری کی یہ وارداتیں بارہ دری،سیکٹر ایٹ، الیون بی میں زیادہ رپورٹ ہورہی ہیں ، ایسی ہی ایک واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ بیٹری چور واردات کر رہے ہیں، ایک فوٹیج میں ملزم موٹر سائیکل سےبیٹری اور قیمتی اشیا چوری کررہا ہے جبکہ دوسری فوٹیج میں ملزم کار سے بیٹری نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔
یہ بھی پڑھیں: کروڑوں مالیت کا مسروقہ سونا 22 سال بعد مالک کو واپس مل گیا
دوسری جانب کراچی میں رواں سال کے12دن شہریوں پر بجلی بن کر گرے، شہر قائد کے باسی گزشتہ بارہ دن میں نہ صرف اپنے مال، قیمتی املاک بلکہ جانوں سے بھی گئے، صرف ڈکیتی مزاحمت پر5افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، ڈکیتی کی ان وارداتوں کےدوران مزاحمت پر29 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپالوں میں طبی امداد دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ12روزمیں ڈکیتی کی متعددوارداتیں ہوئیں، مجموعی طور پر 3کروڑ25لاکھ سے زائد کی رقم لوٹی گئی، رواں سال کے پہلےماہ کی پہلی بڑی ڈکیتی کلفٹن میں ہوئی، مسلح ملزمان نےشہری کو75لاکھ لوٹنے کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا۔
رواں سال کی دوسری بڑی ڈکیتی پریڈی تھانےکی حدودمیں ہوئی،موبائل کمیونیکیشن کے دفتر سے4ملزمان48لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے، مختلف وارداتوں میں5تولے سے زائد سونا لوٹ لیا گیا۔