بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی اپنی ٹیم پر خزانے کے منہ کھولتے ہوئے کھلاڑیوں کو مالا مال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 جیتنےوالی ٹیم کے لیے 58 کروڑ روپے (پاکستانی لگ بھگ ایک ارب 88 کروڑ روپے سے زائد) انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
انعامی رقم کے اعلان کے موقع پر بی سی سی آئی کے صدر روجر بنی نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ جیتنا خاص لمحہ تھا، انعام کا مقصد کھلاڑیوں سمیت سپورٹ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ انکی محنت کو تسلیم جاسکے۔
بھارتی بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم کو کھلاڑیوں، کوچنگ اور سپورٹنگ اسٹاف کے علاوہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں بھی تقسیم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کی میزبانی میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ریکارڈ تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بلیو شرٹس نے روہت شرما کی قیادت میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔