تازہ ترین

خاتون کرکٹر نے 88 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی خاتون کرکٹر نے شاندار ڈبل سنچری بنا کر 88 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا، وہ ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والی پہلی انگلش خاتون کھلاڑی بن گئیں۔

32سالہ ٹیمی بیومونٹ نے ٹرینٹ برج میں بہترین کارکرگی کا مظاہرہ کرکے اپنا نام ریکارڈ بک کی فہرست میں شامل کرالیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز 1935میں بیٹی سنو بال کے پاس تھا جنہوں نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 189بنائے تھے،انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 335رنز سے جیتا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیٹی سنو بال کا یہ اسکور اس وقت کسی بھی انگلش خاتون کرکٹر کا سب سے بڑا بین الاقوامی اسکور قرار پایا۔ اسنو بال نے یہ ریکارڈ 88 سال 128 دن پہلے قائم کیا تھا، ٹیمی بیومونٹ کا اس سے قبل بہترین اسکور 70 رنز تھا۔

ٹیمی بیومونٹ کو ایشلے گارڈنر نے 208 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ کیا، بیومونٹ ہیدر نائٹ کے بعد انگلینڈ کی دوسری خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنائی۔

ناٹنگھم میں آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ٹیمی بیوماؤنٹ نے ڈبل سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 331 گیندوں پر 27 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیومونٹ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی انگلینڈ کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔

اس کے علاوہ بیومونٹ نے ریچیل ہائیو فلنٹ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جنہوں نے جولائی 1976 میں آسٹریلیا کے خلاف 1976 رنز بنائے تھے۔

32سالہ ٹیمی بیومونٹ آسٹریلیا کی ایلس پیری کا ویمنز ایشز میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ توڑنے سے صرف پانچ رنز کی کمی سے پیچھے رہ گئیں۔ پیری نے 2017 میں ناٹ آؤٹ 213 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیومونٹ ڈبل سنچری بنانے والی دوسری اوپنر ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی کرن بلوچ نے یہ کارنامہ سال 2004 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا جب وہ 584 گیندوں پر 242 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھیں۔

Comments

- Advertisement -