اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

یونیورسٹی میں بھکاریوں کے ڈیرے، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

خیرپور: سندھ کے ضلع خیر پور میں واقع شاہ عبد الطیف یونیورسٹی میں بھکاریوں نے ڈیرے ڈال دیے اور وہ کلاسوں میں داخل ہوکر بھی بھیک مانگنے لگے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہ عبد الطیف یونیورسٹی میں بھکاریوں کے ڈیرے ڈالنے کی وجہ سے جامعہ کا ماحول بہت زیادہ متاثر ہوا، طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یونیورسٹی کے احاطے میں مرد اور خواتین بھکاریوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور وہ آزادانہ نقل و حرکت کررہے ہیں۔

بھکاری کلاسوں کے باہر ڈیرہ جمائے بیٹھے ہیں جس کے باعث طالب علموں کو پریشانی کا سامنا ہے، حیران کن امر یہ ہے کہ بڑی تعداد میں خانہ بدوشوں کی موجودگی کے باوجود اُن کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ نے کریک ڈاؤن نہیں کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیشہ ور فقیر جسمانی طور پر مکمل فٹ اور صحت مند ہیں جبکہ اُن میں نوجوان، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایک برس قبل سندھ حکومت نےکراچی سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا مگر یونیورسٹی میں فقیروں کی موجودگی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں