راولپنڈی : امریکی صحافی مارک سیگل بے نظیر قتل کیس میں یکم اکتوبر کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے، جبکہ عدالت نے ناہید خان کو مقدمے کی نقول فراہم کرنے کی درخواست منظورکرلی۔
تفصیلات کے مطابق بینظیربھٹو قتل کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل نے ایک بار پھر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
بینظیربھٹو قتل کیس کی سماعت راولپنڈی کی عدالت میں ہوئی۔وزرات خارجہ نےاپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صحافی مارک سیگل نےایک مرتبہ پھر یکم اکتوبر کو بیان ریکارڈ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
سماعت کے دوران جج نےناہید خان کی استدعا منظور کرتے ہوئےمقدمے کی نقول انہیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ عدالت نے ایس ایچ او کاشف ریاض اورجے آئی ٹی انچارج کی طلبی کے سمن بھی جاری کر دیئے۔
دونوں گواہ 21ستمبرکو گواہی دینے کیلئے پیش ہوں گے، جبکہ عدالت نے استغاثہ کے گواہ پروفیسر اعظم یوسف کی گواہی ترک کر دی۔۔
اعظم یوسف بے نظیر بھٹو پر حملے کے موقع پر زخمی ہواتھا۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 21ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما اور بے نظیر بھٹو کی قریبی ساتھی ناہید خان نے بے نظیر بھٹو کے ڈرائیور جاوید الرحمان سمیت دیگر گواہوں کے بیانات کی مصدقہ کاپی حاصل کرنے کی استدعا کی تھی۔