ممبئی: فلم ’میں نے پیار کیا‘ (1989) میں سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی نامور اداکارہ بھاگیہ شری پکل بال کھیلتے ہوئے شدید زخمی ہوگئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھاگیہ شری پکل بال کھیلتے ہوئے سر میں چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئیں، زخم اس قدر گہرا تھا کہ سرجری میں 13 ٹانکے لگائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کی اداکارہ شوٹنگ کے دوران جھلس گئیں
بھاگیہ شری کی اسپتال سے تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں انہیں بستر پر لیٹا دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکارہ کے سر پر پٹی بندھی ہے اور وہ مسکرا رہی ہیں۔
تصاویر پر مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی کیلیے محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بھاگیہ شری کو سلمان خان کے ساتھ فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں کردار سے شہرت ملی لیکن شادی کے بعد انہوں نے کیریئر کو خیرباد کہہ دیا تھا جس سے مداح کافی مایوس تھے۔
پچھلے چند سالوں کے دوران وہ مختلف پروجیکٹس میں نظر آئیں جن میں فلم ’تھلائیوی‘ اور فلم ’رادھے شیام‘ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے مراٹھی، تیلگو اور کنڑ فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
اداکاری کے علاوہ بھاگیہ شری فٹنس کیلیے بھی مشہور ہیں، وہ اکثر سوشل میڈیا پر فٹنس ٹپس شیئر کرتی ہیں اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتی ہیں۔
وہ باقاعدگی سے یوگا، غذائیت اور ذہنی تندرستی کے بارے میں پوسٹ کرتی رہتی ہیں جن سے مداحوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے میں مدد ملتی ہے۔
اگرچہ انہوں نے فلموں سے ایک طویل وقفہ لیا لیکن اس کے باوجود مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کی دیوانی ہے۔