انگلینڈ ٹیم کو سیمی فائنل کے چیلنج سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا۔
انگلش فاسٹ بولر ٹائمل ملز انجری کی وجہ سے آئی سی سی ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہو گئے۔ پیر کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران فاسٹ بولر انجری کا شکار ہوئے تھے اور انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑ گیا تھا۔
بعدازاں اسپتال میں ان کا اسکین کروایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی انجری کو سنجیدہ نوعیت کی قرار دیتے ہوئے آرام کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹرز نے انہیں انجری سے چھٹکارا پانے کے لیے کم از کم 3 ہفتے کا وقت بتایا ہے۔
رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلینڈ ٹیم نے ٹائمل ملز کو ڈراپ کر کے ریس ٹوپلی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلش بورڈ کی درخواست پر آئی سی سی کی ٹیکنکل ٹیم نے متبادل کھلاڑی کی منظوری دے دی۔
ملز کی چوٹ انگلینڈ کی ورلڈکپ مہم میں بڑا دھچکا ہے وہ اپنی تیز رفتار بولنگ اور مہارت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ ملز اب تک ٹورنامنٹ میں 7 وکٹیں لینے والے دوسرے انگلش بولر ہیں۔