اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے مارکیٹ سے غائب ادویات کو واپس لانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جان بچانے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلہ کرلیا گیا، نایاب ادویات کے متبادل برانڈز جلد مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔
ڈریپ ذرائع کا بتانا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈریپ نے جان بچانے والی نئی اہم ادویات کی فوری رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے، نایاب ادویات کے فارمولے والی متبادل دوائیں جلد رجسٹرڈ کی جائیں گی۔
ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات رجسٹریشن درخواستوں پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے جس کے بعد نئی ادویات کی رجسٹریشن کر کے پیداواری لائسنس جاری کئے جائیں گے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ برانڈ رجسٹرڈ کرانے والی کمپنیز نے فوری پیداوار کی یقین دہانی کرائی ہے، کینسر، شوگر، ہائپر ٹینشن کی ادویات کی رجسٹریشن کی درخواستیں زیر غور کی جارہی ہیں۔
ڈریپ کا بتانا ہے کہ امراض قلب ادویات، خون پتلا کرنے والے نئے انجکشنز کی رجسٹریشن کی درخواستیں بھی زیر غور ہیں۔
اس کے علاوہ کنٹراسٹ میڈیا کیمیکل رجسٹریشن کی نئی درخواستیں زیر غور ہیں، (کنٹراسٹ میڈیا کلینیکل ٹیسٹ میں استعمال ہونے والا کیمیکل ہے)۔