منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

اسلام آباد کی سڑکیں ماحول دوست بن گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شہر میں سائیکل سواروں کے لیے بنائی جانے والی خصوصی رو کو عوام کے لیے کھول دیا۔ مختلف سڑکوں پر سائیکل سواروں کے لیے مختص ان لینز کے قیام کا مقصد آلودگی میں کمی اور لوگوں کو صحت مند ذرائع سفر استعمال کرنے کی طرف راغب کرنا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ضلعی حکومت کی جانب سے قائم کی جانے والی ان لینز کو بنانے پر تقریباً 20 ہزار ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔

مقامی حکومت کو امید ہے کہ 5 کلومیٹر طویل یہ سائیکل ٹریک گاڑیوں کے دھویں میں کمی کرنے میں معاون ثابت ہوں گے جو شہر کی فضا کو آلودہ کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر سائیکل سواروں کے لیے مخصوص ٹریک کافی عرصے پہلے بنائے گئے تھے لیکن تاحال انہیں ان کے اصل مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: دنیا کی پہلی سولر ہائی وے کا افتتاح

اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کا کہنا ہے کہ ان ٹریکس کے قیام سے لوگ کم از کم مختصر فاصلوں کے لیے گاڑیوں کے بجائے سائیکل استعمال کرنے پر غور کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی حکومت شہر بھر کی سڑکوں پر 60 کلومیٹر طویل سائیکل ٹریکس کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے اور یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی منظوری کا منتظر ہے۔

فی الحال ان ٹریکس کو دارالحکومت کے نوجوان، غیر ملکی سفارت خانوں کے ملازمین اور بڑی عمر کے ریٹائرڈ حضرات شام اور صبح کے وقت بطور ورزش سائیکلنگ کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

track-1

اسلام آباد کے والدین بھی خوش ہیں کہ ان کے بچوں کو ایک صحت مند بیرونی سرگرمی میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب بہتری ماحولیات کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے کارکن اظہر قریشی کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں جیسے لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں سفر کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت یا کلائمٹ چینج کو دیکھتے ہوئے ہمیں ماحول دوست ذرائع سفر اپنانے کی ضرورت ہے اور سائیکلنگ اس کی بہترین مثال ہے۔

مزید پڑھیں: سائیکل سواروں کے لیے رات میں چمکنے والے راستے

ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں کے موسم میں گاڑیوں کا دھواں گرمی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ اگر شہر کی چند فیصد آبادی بھی سائیکل کا سفر کرے تو سڑکوں پر ہجوم اور دھویں میں خاصی حد تک کمی آسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی مقامی حکومت اس سے قبل بھی کئی ماحول دوست اقدامات کر چکی ہے۔ چند روز قبل میئر شیخ انصر عزیز نے فیصلہ کیا تھا کہ اسلام آباد میں ان تمام گھروں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پانی کا غیر ضروری استعمال اور اسے ضائع کرتے ہوئے پائے جائیں گے۔

انہوں نے یہ فیصلہ دارالحکومت میں پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں