اسلام آباد : ن لیگ کے رہنما بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات کی خواہش تھی جو پوری نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور پائیدار ترقی کی ٹاسک فورس کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سنگین جرائم پرجیل میں ہیں ،براہ راست بات نہیں ہوسکتی۔
بلال اظہر کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے ہی بنائی امید ہے اس بار دوڑ نہیں جائیں گے، بانی کی ابھی تک اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پوری سیاست بیساکھیوں پر ہے، اب اس کو عادت ہوگئی ہے، عمران خان نے اپوزیشن، دھرنے اور حکومت بھی بیساکھیوں پرہی کی، ان کو سیاسی ڈائیلاگ اور طریقہ کار نہیں پتہ۔
انھونے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کو سازش سے ہٹانے والوں میں قمرباجوہ ،فیض حمید شامل تھے، اُس وقت جو اہم منصبوں پر تھے وہ نوازشریف حکومت گرانے میں ملوث تھے۔
عمران خان کے حوالے سے ٹاسک فورس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان تو قمرباجوہ کو بہت ڈیموکریٹ کہتے تھے پھر کہا انہوں نے مجھے نکالا، وہ پھر اسی قمر باجوہ کیساتھ بیٹھ گئے، سال 2018 انتخابات میں آرٹی ایس بٹھانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔