تازہ ترین

تھر ماڈل کو استعمال کرکے پاکستان بدل سکتے ہیں، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر پروجیکٹ میں وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنی ذمے داریاں پوری کیں، تھر کے ماڈل کو استعمال کرکے پاکستان کو بدلا جاسکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تھر انرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھر کول مائنز فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا جو سفر ہے اس کو آگے لیکر جانا ہے، اس منصوبے سے ملک کی معیشت کو فائدہ ہوگا، پروجیکٹ کے یہاں تک پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنی ذمے داریوں کو پورا نہ کرتے تو شاید یہاں تک نہ پہنچ پاتے، دسمبر میں ایک اور پاور پلانٹ کا بھی افتتاح ہوگا، چاہتے ہیں شہباز اسپیڈ کی طرح سے یہ کام ہو۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے یہ بڑا منصوبہ شروع کیا ہے، اس اشتراک سے دیگر بڑے منصوبے بھی بنا سکتے ہیں، سولر انرجی، ونڈ انرجی کو پبلک پرائیویٹ سیکٹر سے چلا سکتے ہیں، مختلف اضلاع میں ایسے بہترین پراجیکٹس کو شروع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ملک میں بہت بڑی قدرتی آفت آئی ہے جس سے معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے، سندھ کے مختلف اضلاع میں اب بھی پانی کھڑا ہے،سیلاب سے جہاں نقصان ہوا ہے وہاں کام کرنے کی ضرورت ہے، سیلاب متاثرین کو گھر بھی بنا کر دیں گے، ان کی فصل کیلئے بھی اقدامات کرنے ہونگے۔

Comments

- Advertisement -