اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

عمران خان اور میاں صاحب کی سیاست اور منافقت ایک ہے، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اور میاں صاحب کی سیاست اور منافقت ایک ہے، یہ لوگ حکومت میں آگئے تو نہ جانے ملک کے ساتھ کیا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف مولا جٹ بن کر ججز کو گالیاں دیتے ہیں، میاں صاحب آپ بہت کنفیوژ ہو، آپ کو تین موقعے ملنے کے باوجود آپ سے یہ ملک نہیں چل سکا نہ چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ضیا کی پیداوار اور طالبان کے بچھڑے بھائی عمران خان کے خلاف لڑیں گے، یاد رکھو یہ ان کا آخری اور میرا پہلا الیکشن ہوگا، ہم فرقہ واریت، دہشت گردی، انتہا پسندی کے خلاف لڑیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی تحریک چلا رہے ہیں تو مجھے ہنسی آتی ہے، نواز شریف صبح عدلیہ اور ججز کو گالی دیتے ہیں اور شام کو اپنے وزیر اعظم کو معافی مانگنے کے لیے بھیج دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور میاں صاحب ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، یہ اقتدار کی جنگ ہے ان دونوں کی جدوجہد جھوٹ اور فریب ہے، عوام کو اس سے غرض نہیں کہ کیوں نکالا، عوام مسائل کا حل چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے کامیاب منصوبے بنائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا فرعون انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تعلیمی نصاب سے قومی پالیسی تک منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو دہشت گردی، انتہا پسندی کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تیسری نسل آگئی جنون ختم ہوا نہ جذبہ کم ہوا، دنیا کے کونے کونے سے بھٹو کے دیوانے چھوٹے سے گاؤں میں کھنچے چلے آئے، سندھ کے بیٹوں نے بھی گڑھی خدا بخش آکر جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، یہ طاقت ہے اس مظلوم کی جو ہنستے ہوئے پھانسی گھاٹ پر جھول گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست میں 32 اور عمران خان کو 22واں سال ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے 11 سال کے اثرات کوئی کم نہ کرسکا، یہ پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کا تحفہ ہے، ملک کا متفقہ آئین بنانا کوئی مذاق نہیں تھا، ملک 26 سال بغیر آئین کے چلا، آئین بنانے کا کارنامہ بھٹو نے کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے تو یہ ذوالفقار بھٹو کا کارنامہ ہے، آپ کے پاس پاسپورٹ ہے، آج مزدوروں، کسانوں کے پاس کوئی حق ہے، کامیاب خارجہ پالیسی اگر ہے تو یہ ذوالفقار بھٹو کا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو کا عظیم پاکستان چاہئے تو میرے ہاتھ میں ہاتھ دینا ہوگا، ایک جنرل ضیا تھا جو فضا میں ہی اڑ گیا اس کے وارث کا نام نواز شریف ہے، بھٹو کا وارث آپ کے سامنے کھڑا ہے آپ کی مرضی ہے کس کا ساتھ دیتے ہیں، ملک کا سیاسی نظام شہیدوں کی بدولت ہے جسے ہم کسی صورت لپیٹنے نہیں دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جاتی امرا اور بنی گالہ میں جمع ہونیوالوں کو پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے، پیپلزپارٹی اقتدار کے لالچیوں کو دیوار سے لگائے گی، مذہبی انتہا پسندی کی بی ٹیم کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں