بہاولپور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب شیر کا شکار کرنا ہو تو بلا استعمال نہیں ہوتا بلکہ تیر کام آتا ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شکار کا موسم ہے اور ہم نے شیر کا شکار کروانا ہے، تیر پر ٹھپہ لگا کر ثابت کرنا ہے آج بھی بھٹو زندہ ہے کل بھی بھٹو زندہ تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر پر ٹھپہ لگا کر میرے امیدوار کو جیتوانا ہے تاکہ آپ کے مسائل حل کر سکوں، 8 فروری کو شہید اور کسانوں کی جماعت کو جتوانا ہے، 8 کو جیت کر 9 فروری کو حکومت بنا کر مسائل حل کریں گے۔
متعلقہ: بلاول بھٹو کو الیکشن سے قبل این اے 127 سے اہم کامیابی مل گئی
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ جیل سے بچنے کیلیے ایک سیاسی جماعت الیکشن لڑ رہی ہے جبکہ دوسری جماعت اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کیلیے الیکشن لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں کیونکہ ہم الیکشن کو سمجھتےہیں اور پاکستان اس وقت مشکل میں ہے، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے اگر آپ پیپلز پارٹی کو جتوائیں گے تو یہ آپ کی حکومت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، میں اپنے 10 نکات پر الیکشن لڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر جگہ سے جیتے گی جبکہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ جیالا ہوگا۔