چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اگر ن لیگ نے کامیابی سے حکومت کرنی ہے تو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رتو ڈیرو میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی ایک صوبے کی نہیں وفاق پرست جماعت ہے، جو فیصلہ وفاق کو کمزور کرے گا اس پر پیپلزپارٹی کا ردعمل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلوں میں پیپلزپارٹی سمیت دوسری جماعتوں کی بھی رائے لے، پیپلزپارٹی اپنے مفاد اور اصولوں پر سودا نہیں کرتی، اگر پاکستان آج محفوظ ہے تو یہ پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے کہ ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے اور انہیں پوچھنے کی ضرورت نہیں، ان کی سیاست موٹروے سے شروع ہوکر میٹرو پر ختم ہوجاتی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ پارلیمان میں بیٹھنے کی بنیادی وجہ معیشت ہے، معاشی طور پر بہتری آرہی ہے تو عوام تک بھی پہنچنی چاہیے، حکومت کا مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کاغذات کی حد تک تو نظر آرہا ہے الیکشن میں ہر ووٹر کا مطالبہ یہی تھا کہ مہنگائی میں کمی ہو۔
انہوں نے کہا کہ کتنے مسلمان ممالک میں ایٹمی ٹیکنالوجی ہے؟ جو پاکستان مخالف بیانات دے رہے ہیں پی ٹی آئی ان کی مذمت کرے، جو ان کے حق میں بیان دیتے ہیں وہ دوسری طرف پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی کے خلاف ہیں، ایک طرف ان کے حق میں بیان دیتے ہیں دوسرے الفاظ میں اسرائیل کے حق میں ہوتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے چیزیں عوام سے نہیں چھپائی جاسکتیں، پی ٹی آئی کو ان سنگین سوالوں کے جوابات دینے پڑیں گے۔