مظفر گڑھ: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عجیب بات ہے کہ ایک سیاسی جماعت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر رہی ہے کہ فروری میں ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے اور چیف الیکشن کمشنر کو بھی نہیں پتا کہ کب الیکشن ہوں گے لیکن ایک جماعت کو پہلے سے پتا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کیا ہے، پھر لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات نہ کروں تو کیوں نہ کروں؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حلقہ بندیاں 90 دن میں کروا کر الیکشن کروا دیں، 95، 110 دن یا 10 سال، بتائیں کب الیکشن کروانے کا ارادہ ہے؟ کل سی ای سی میں پارٹی پالیسی سامنا رکھیں گے، کوئی ضد یا کوئی اور وجہ ہے تو الیکشن آگے لے جائیں لیکن تاریخ تو دیں۔
متعلقہ: اتحادیوں سے کہا تھا ’ڈرو گے تو مرو گے‘، بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ آپ کو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، پنجاب اور وفاق میں بہت سیاسی پولرآئزیشن ہے، گالم گلوچ کی سیاست کو ختم اور دفن کرنا پڑے گا، الیکشن سے متعلق کل سی ای سی میٹنگ ہے لائحہ عمل طے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی الیکشن سے نہیں ڈرے اور عوام سے کبھی منہ نہیں چھپایا، پیپلز پارٹی کی کردار کشی اس لیے کی گئی کہ ہم پر سلیکٹڈ حکومت مسلط کر سکیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے گئے، عوام کو دور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کو شکست دینے کا ایک ہی طریقہ ہے الیکشن میں مقابلہ کر کے ہی ایسے لوگوں کو ہرایا جا سکتا ہے، اس بار بھی ہم ماضی سے بہتر پرفارم کریں گے۔