پیر, جون 17, 2024
اشتہار

اتحادیوں سے کہا تھا ’ڈرو گے تو مرو گے‘، بلاول بھٹو زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

حیدر آباد: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اتحادیوں سے کہا تھا ڈرو گے تو مرو گے۔

تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 ماہ سے تمام اتحادیوں سے یہی بات کرتا آ رہا ہوں ڈرو گے تو مرو گے، میں کہتا تھا آپ بھی بلدیاتی الیکشن لڑو ہم بھی لڑتے ہیں لیکن وہ ڈر کر پیچھے ہٹ گئے، وہ میئر حیدر آباد تو دور کی بات ٹاؤن کا میئر بھی نہیں بچا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں ڈر گئیں وہ خوفزدہ ہیں بائی الیکشن اور بلدیاتی الیکشن سے بھاگتے ہیں، اب شائد عام الیکشن سے بھی بھاگ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی ٹریننگ میں ڈرنا اور بھاگنا نہیں ہے۔

- Advertisement -

متعلقہ: ’بلاول کے سوا کوئی بچا ہی نہیں جو وزیر اعظم کے منصب پر بیٹھ سکے‘

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور جناح ہاؤس کو حملہ کرنے والوں کیلیے پیغام ہے کہ جیالے آپ سے نہیں ڈرتے، یہ اداروں اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، میں کیئر ٹیکر کے وزیر یا وزیر اعلیٰ کی طاقت پر ان کا مقابلہ نہیں کروں گا، میں پی ٹی آئی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ عوام کی طاقت کے بلبوتے پر کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے کراچی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت ضبط کروائی ویسے پورے پاکستان میں کریں گے، کٹھ پتلی سیاستدانوں کا ملک کے کونے کونے سے صفایا کر دیں گے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف کردار کشی کی مہم 3 نسلوں سے چلی آ رہی ہے، گزشتہ 15 سال ہماری کردار کشی اس لیے ہوئی کیونکہ سلیکٹڈ کو مسلط کرنا چاہتے تھے، آج بھی وہ جھوٹا پروپیگنڈا اور جھوٹی باتیں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بگتی ہیں ہم نے اس جھوٹ کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں