اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ہماری تیاری مکمل ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج گیارہ بجے شروع ہوگا ، اس سلسلے میں اراکین اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہماری تیاری مکمل ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں آج ہماری فتح کا دن ہے ، 3سالہ جدوجہد کے بعد اسمبلی ایجنڈے پرعدم اعتماد کی تحریک آئی، جیت عوام کی ہوگی اور شکست سلیکٹڈ کی ہوگی۔
صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد پیش نہ کرنے دینے پرکیا کریں گے ، جس پر بلاول بھٹو نے جواب دیا کہ آپ پھر دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔
خیال رہے قومی اسمبلی کے اجلاس کے 15 نکاتی ایجنڈے میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے روایات کے مطابق اجلاس کو پی ٹی آئی کے ممبر کی رحلت کے باعث تعزیتی ریفرنس میں تبدیل کرکے ملتوی کئے جانے کا امکان ہے، اس صورت میں اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں شدید احتجاج کا بھی قوی امکان ہے۔
غیر معمولی اجلاس کیلئے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ریڈ زون میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔