کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی کارکنوں نے کراچی اور جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا، پیپلزپارٹی لانڈھی اور کورنگی کے شہدا کوسلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی محنت کے ساتھ پورے صوبے میں کام کر رہی ہے، آج ہم 2 پل اور انڈرپاس کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کراچی میں کام ہو ،شہر میں ترقی ہو، پاکستان بھر سے لوگ کراچی میں آکر رہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو بینظیر بھٹو نے متعارف کرایا تھا، جو اب حکومتیں بنیں گی انہیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑے گا، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو مشکلات کے باوجود کام کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالنا غریب دشمنی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لوگوں کو نکالنا ظلم اور زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورت حال پر غریب خواتین سے ایک ہزار روپے چھین رہے ہیں، غریبوں سے ایک ہزار روپے چھیننے والوں پر لعنت ہو، لوگوں سے کہتا ہوں کہ سندھ حکومت سے مل کرعدالت میں کیس کریں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری پہلی ذمہ داری کراچی کے بسنے والے لوگ ہیں، میئر کراچی وسیم اختر سے اپیل ہے اس موسم میں انکروچمنٹ آپریشن کو روکیں۔
بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے پی ٹی آئی کے اتحادیوں کو آج نہیں تو کل فیصلہ لینا پڑے گا۔