نو ڈیرو : وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازشی کوشش کررہے ہیں کہ پنجاب میں پہلے الیکشن ہوجائیں، سازشی ہوش کےناخن لیں، ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہوں۔
وڈیرو میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اتحادیوں کو مخالفین سے ڈائیلاگ پرراضی کر رہی ہے، ہماری کوشش جاری ہے۔
آج بھی سازش کرنے والوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، آئیں ایسا حل نکالیں جس کا فائدہ پارلیمان اور عدلیہ کو بھی ہو، ایسا نہ ہو لڑائی سے جمہوریت، معیشت اور وفاق کوبھی نقصان ہو۔ ،
انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں کی بھی کوشش جاری ہے، سازش کرنے والوں کی کوشش ہے کہ پنجاب میں پہلے الیکشن کرائے جائیں، پنجاب کےالیکشن ہوگئے تو اس کا اثر باقی صوبوں پر رہے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں معاشی بحران اور مشکلات ہیں، ضرورت تھی کہ تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کرایک ہوجاتیں تو بہتر ہوتا، ہم نے اسی لیے تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ بات کی تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سیاسی لڑائی الیکشن تک ہی محدود رکھی جائے تو عوام کا فائدہ ہوگا،
ہمیں سیاسی لڑائی میں عوام کے مسائل کو نہیں بھولنا چاہیے، چاہتے ہیں مسائل پرتوجہ دی جائے تاکہ مشکلات کاسامنا بھی کرسکیں۔