اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے قدیم علاقے لیاری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر علاقہ مکینوں نے شدید پتھراؤ کرکے گاڑی کے شیشے توڑ دیے، مشتعل مظاہرین نے پی پی کا جھنڈا بھی نذرِ آتش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کی طرف سے نکالی جانے والی ریلی پر علاقہ مکینوں نے شدید پتھراؤ کردیا، قافلے میں موجود گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، مظاہرین نے نبیل گبول کی گاڑی کا گھیراؤ کر کے ڈنڈے برسائے، مظاہرین پانی دو پانی دو کے نعرے لگارہے تھے۔

لیاری کے مکین پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، مشتعل مظاہرین نے بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کا راستہ جونا مسجد کے قریب روک کر شدید پتھراؤ کیا، جس کے باعث قافلہ لیاری میں پھنس گیا۔

- Advertisement -

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، مکینوں کے پتھراؤ کے جواب میں جیالوں نے بھی جوابی پتھراؤ شروع کردیا، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

احتجاج کے باعث بلاول بھٹو کے قافلے کو چاکیواڑہ کی جانب موڑ دیا گیا، قافلے میں سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی شامل ہیں، بلاول بھٹو کی گاڑی مراد علی شاہ چلا رہے ہیں۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھر نے کہا ہے کہ لیاری ریلی جاری رہے گی، قیادت کی جانب سے کارکنوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تشدد کی سیاست سے بلاول بھٹو کو خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا، تشدد کی سیاست کرنے والی جماعتیں پی پی کا راستہ نہیں روک سکتیں، تشدد کا جواب ہمیشہ سیاسی عمل سے دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز اپنی ذمہ داری ادا کریں، الیکشن کمیشن بھی واقعے کا نوٹس لے کر رکاوٹوں کے خاتمے کی ہدایت دے۔

شیری رحمان کا ردِ عمل


دریں اثنا پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما شیری رحمان نے قافلے پر پتھراؤ اور عوامی احتجاج پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو آگے بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے جائیں گے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لیاری کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، 25 سے 30 لوگوں کو جمع کر کے قافلہ روکنے کی کوشش کی گئی، لیاری کے لوگوں کو استعمال کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا بلاول بھٹو بالکل ٹھیک ہیں ہم سب ایک ساتھ ہیں، کچھ لوگ جمع کر کے ہم پر پتھراؤ کیا گیا، نعرے لگوائے گئے، لیاری دورے کی اجازت پہلے سے لے رکھی تھی، رکاوٹوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں