دبئی: فضائی ٹرانسپورٹ کی بین الاقوامی تنظیم نے کہا ہے کہ 2020 میں کرونا وبا کے دوران مشرق وسطیٰ کی ایئر لائنز کو 7.1 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) نے مشرق وسطیٰ کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وبا کے بعد ہوا بازی انڈسٹری کے ری اسٹارٹ کا پلان ترتیب دیں۔
ایاٹا نے ڈیٹا جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس مشرق وسطیٰ کے ایئر لائنز کو فی مسافر 68.47 ڈالرز کا نقصان ہوا، اور 2019 کے مقابلے میں اس دوران ایئر ٹریفک 20 فی صد سے بھی کم رہی، ایاٹا کے مطابق جنوری 2020 کے دوران ایئر ٹریفک جنوری 2019 کے مقابلے میں 82.3 فی صد کم رہی۔
ایاٹا کا کہنا ہے کہ کرونا کی وبا نے ایوی ایشن انڈسٹری کو جس بحران سے دوچار کیا، اس نے 17 لاکھ ملازمتوں اور 105 بلین ڈالرز مجموعی قومی پیداوار کو خطرے میں ڈالا۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ایئر لائنز نے 2020 کے دوران 4.8 ارب ڈالر حکومتی امداد کی مد میں حاصل کی، اس کے باوجود کئی ایئر لائنز دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار رہیں۔
ایاٹا کے ریجنل نائب صدر کامل الاعوادی کا کہنا تھا کہ حکومتی امداد نے ہوائی صنعت کو بڑی ناکامیوں سے بچایا لیکن حکومتوں کو مزید خرچ کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔