کراچی: شہر قائد کے علاقے سچل اسکیم 33 میں بائیو مکینیکل انجینئر صہیب ناصر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسکیم 33 میں بائیو مکینیکل انجینئر صہیب ناصر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، قتل کا مقدمہ رشتے دار فہیم الدین شیخ کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج کیاگیا۔
مدعی فہیم الدین نے پولیس کو بتایا کہ میں سرکاری ملازم ہوں حسب معمول اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا، میری بہن نے فو ن پر بہنوئی کے ایکسیڈنٹ کی اطلاع دی، جب میں اسپتال پہنچا تو بہنوئی فوت ہوچکے تھے۔
مقدمے کے متن کے مطابق معلومات کرنے پر پتہ چلا بہنوئی صبح ساڑھے 9 بجے گھر سے نکلے تھے، واقعے سے قبل کار میں انکے ہمراہ اہلیہ ڈاکٹر نازیہ بھی موجود تھیں۔
مدعی فہیم الدین نے بتایا کہ میری بہن کو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج چھوڑا اور چلے گئے، صہیب دوپہر ایک سے 2 بجےکے درمیان سرسید چوک اسکیم 33 پہنچے تھے، بہنوئی کو نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
مدعی مقدمہ فہیم الدین نے کہا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔