ٹوکیو : ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت 12 ہزار ڈالرز سے بھی تجاوز کرگئی ہے اور دس ہزار ڈالرز کی تاریخی حد عبور کرنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے.
تفصیلات کے مطابق تیزی سے ابھرتی ہوئی ورچوئل کرنسی نے دوسری کرنسیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور محض چند روز قبل دس ہزار ڈالرز کی تاریخی حد کو عبور کرنے والی بٹ کوائن نے اب 12 ہزار ڈالرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے چنانچہ اب ایک بٹ کوائن کی قیمت پاکستانی 12 لاکھ روپے کے برابر ہو گئی ہے.
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بٹ کوائن کرنسی کی دنیا میں اپنا مقام منفرد سے منفرد کرتی جارہی ہے اور ایسے ہی بٹ کوائین کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا گیا تو مستقبل قریب میں دنیا بھر بٹ کوائن کی حاکمیت قائم ہو جائے گی جس کا ایک ثبوت ایک بٹ کوائن کا 12 ہزار ڈالرز سے بھی تجاوز کر جانا ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا.
خیال رہے محض سات سال قبل مئی 2010 کو ایک کمپیوٹر ڈویلپر نے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل کرنسی کے 10 ہزار یونٹ سے 2 پیزا خریدے تھے اور اس وقت انہیں اندازہ بھی نہیں تھا کہ یہ گمنام کرنسی اتنی ترقی کر جائے گی کہ ایک بٹ کوائن کی قیمت 12 ہزار ڈالرز کو بھی پیچھے چھوڑ جائے گی.
کرنسی کے تبادلے سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ پیزا کی خریداری بٹ کوائن سے کسی چیز کی پہلی خریداری بھی تھی تاہم اُس وقت دس ہزار بٹ کوائن کی قدر 40 ڈالرز کے برابر تھی اور اب بھی بٹ کوائن رکھنے والے ہر سال بائیس مئی کو بٹ کوائن پیزا ڈے مناتے ہیں.
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اپنے آغاز کے وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ بٹ کوائن کی قدر میں اتنا اضافہ ہوگا کہ یہ دنیا کی مضبوط ترین کرنسی ڈالرز کو بھی بہت پیچھے چھوڑ جائے گی اور بقیہ کرنسی غیر اہمیت ہوتی جائیں گی اور مقابلے کا رجحان اتنا زیادہ بڑھ جائے گا.
یاد رہے کہ نومبر کے مہینے میں یہ کرنسی پہلے سات ہزار ڈالر پھر آٹھ پزار ڈالر سے ہوتے ہوئے مہینے کے آخر تک دس ہزار ڈالرز تک پہنچ گئی اور دسمبر کے پہلے ہفتے ہی میں 12 ہزار ڈالرز کا سنگ میل عبور کرلیا جس سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ ڈالرز، یورو، ین اور پاؤنڈز پر حاوی ہوجائے گی.