راولپنڈی: موٹر وے پولیس کی جانب سے روکے جانے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے رمیش لال نے مشتعل ہو کر موٹر وے ٹریفک روک دی۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے پر ایم 3 جڑانوالہ کے مقام پر رمیش لال نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر موٹر وے پولیس نے انھیں روک لیا، تاہم روکے جانے پر وہ مشتعل ہو گئے اور اپنی کار سڑک کے درمیان کھڑی کر کے ٹریفک رکوا دی۔
رکن اسمبلی جڑانولہ براستہ لاہور موٹر وے لاڑکانہ جا رہے تھے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر انھیں روکا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے رمیش لال کی کار کو لین وائلیشن پر روکا گیا تھا، جس پر انھوں نے احتجاج کیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔
پیپلز پارٹی کے ایم این اے کی جانب سے موٹر وے بلاک کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی، رمیش لال بی ای ڈبلیو 720 نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار تھے، ذرایع نے بتایا کہ تمام تر صورت حال میں موٹر وے پولیس نے کوئی بد اخلاقی نہیں کی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائے رکھا۔
تاہم رمیش لال نے اپنی کار موٹر وے کے عین درمیان کھڑی کر دی اور کارکنوں کے ساتھ دیگر گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے، جب کہ موٹر وے پولیس ان کو روکتی رہی۔
ویڈیو میں موٹر وے پولیس اہل کار کو دیگر گاڑیوں کو بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اہل کار نے جان پر کھیل کر دوسری گاڑیوں کو کسی حادثے سے بچایا۔