کراچی : سہراب گوٹھ قبرستان سے بوری بند ٹکڑوں کی شکل میں ملنے والی لاش کا معمہ حل ہوگیا ،مقتولہ خاتون کون ہیں اور کہاں کی رہائشی ہے اس حوالے سے پولیس نے پتہ لگالیا۔
تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا، سہراب گوٹھ قبرستان سے ٹکڑوں کی شکل میں ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی۔
مقتولہ مبینہ طور پر الآصف کی رہائشی ہے اور شناخت فرزانہ کے نام سے ہوئی، جو 4 دن سےلاپتہ تھی۔
مقتولہ کا بیٹا چچا اور دیگر رشتہ دار چھیپا سرد خانہ پہنچ گئے، چچا نے بتایا کہ فرزانہ شاپنگ کرنے گئی تھی اور اس کے بعد گھر واپس نہیں آئی، فرزانہ نے 4روز پہلے ساڑھے 9بجے بیٹے کو فون کیا تھا، فون پر روہانسی آواز میں کہا بس میں تھوڑی دیر میں گھر آرہی ہوں۔
مقتولہ کے چچا نے کہا کہ اس کے بعد وہ گھر نہیں آئی اور فون بند ہوگیا، بھتیجی کا کچھ بھی پتا نہ چلا ہم پولیس کے پاس گئے تو پولیس نے کہا ہم کیا کر سکتے ہیں
چچا نوراللہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز جب ٹکڑوں میں لاش ملی تب ہمیں پتا چلا بہن کی لاش ہے ہماری پولیس سے اپیل ہے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔