لاپاز: وسطی جنوبی امریکا کے ملک بولیویا میں ایک بس کھائی میں گرنے کے باعث 31 افراد ہلاک ہو گئے۔
روئٹرز کے مطابق مقامی پولیس نے پیر کو بتایا کہ بولیویا میں ایک بس کے حادثے میں کم از کم اکتیس افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، حادثہ تیز رفتاری کے سبب پہاڑ پر موڑ کاٹتے ہوئے رونما ہوا، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ممکنہ طور پر بس کا ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا تھا، جس کی وجہ سے بس جنوب مغربی میونسپلٹی یوکلا میں ایک کھڑی چٹان سے تقریباً 800 میٹر (2625 فٹ) نیچے گر گئی۔
اسپتال کے ایک اہلکار نے ایک ویڈیو میں بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 10 بالغوں اور 4 بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے کئی انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
پولیس افسر نے کہا کہ مذکورہ پہاڑی راستہ بہت زیادہ بل کھاتا ہوا ہے اور جگہ جگہ موڑ ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ حادثے کا سبب بس کی رفتار ہو سکتی ہے۔