کراچی : بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈیفنس خیابان جامی میں ہونے والے دھماکے میں کوئی آئی ای ڈی یا آئی ڈی ڈی استعمال ہونے کا امکان مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں دھماکے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ تیار کرلی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے میں کوئی آئی ای ڈی یا آئی ڈی ڈی استعمال نہیں ہوئی، واقعے میں 5موٹرسائیکل ،ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ کا کہنا تھا کہ 8گیس سلنڈر اور گیس لائن انتہائی بری حالت میں ملے، جائے وقوع کا بم ڈسپوزل سے تعلق نہیں ہے، جائے وقوع کا تعلق سوئی گیس اور سلنڈر کمپنی سے ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ رپورٹ متعلقہ پولیس حکام کو دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں مبینہ گیس لیکیج دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا تھا کہ دکان میں دھماکا مبینہ طور پر سلنڈر پھٹنےسے ہوا ، دھماکے سےمتعدد موٹرسائیکل ،گاڑیوں اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا تاہم تحقیقات جاری ہے۔