اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

سردیوں میں جوڑوں کا درد : کم خرچ اور آسان علاج

اشتہار

حیرت انگیز

ہر سال سردی کا موسم آتے ہی بہت سے لوگوں کی ہڈیوں اور جوڑوں میں تکلیف کی شکایت بڑھ جاتی ہے جو اذیت اور پریشانی کا باعث بنتی ہے۔

اس صورتحال سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازم ہیں اور ساتھ ہی درد سے نجات کیلئے دوا کا استعمال یا کسی تیل کی مالش بھی اہمیت کی حامل ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے ناظرین کو اس درد کی وجوہات سے آگاہ کیا اور اس سے بچنے کیلئے آسان نسخہ بھی بیان کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سردیوں میں درجہ حرارت کا گرنا پٹھوں کے کھچاؤ کا باعث بن سکتا ہے جس کے نتیجے میں پٹھوں میں سختی اور جوڑوں میں درد ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ سردیوں میں لوگوں کا دھوپ میں نکلنا بھی کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی بھی جوڑوں اور ہڈیوں میں درد کا سبب بنتی ہے، سردی سے بچنے کیلئے لوگ زیادہ تر گھر میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جس سے جسمانی ورزش کم ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم چیز ورزش ہے، دن کے آغاز پر ہلکی پھلکی ورزش جو گھٹنوں کو متاثر نہ کرے آپ کی ہڈیوں اور جوڑوں کو فعال اور توانا رکھنے میں مدد دیتی ہے، ورزش سے پہلے وارم اپ ہوں اور اعتدال کے ساتھ مستقل بنیادوں پر ورزش جاری رکھیں۔

حکیم شاہ نذیر نے ناظرین کو ایک آسان نسخہ اور تیل بنانے کا طریقہ بھی بتایا جسے استعمال کرکے اس درد سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

درد سے بچاؤ کا سفوف

اجزاء :

اسگندھ ناگوری پاوڈر : 50 گرام
ستاوری کا پاوڈر : 50 گرام
جڑ الائچی پاؤڈر: 50 گرام
سورنجان شیریں کا پاؤڈر : 20 گرام

ان تمام پاؤڈرز کو ملاکر ایک چھوٹی سی برنی میں رکھ لیں اور ایک چمچ صبح شام دودھ یا پانی سے لیں، اس کے کوئی مضر اثرات نہیں، ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض بھی اسے بلا خوف خطر استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یہ نہ تو نمکین ہے اور نہ ہی میٹھی۔

خصوصی پین کلر آئل بنانے کا طریقہ

اس کے علاوہ انہوں نے خصوصی پین کلر آئل بنانے کا طریقہ بھی بیان کیا، انہوں نے بتایا کہ کسی بھی پنساری سے 50 ملی لیٹر روغن سورنجان اور روغن جاوا 50 ملی لیٹر لے لیں اور ان دونوں کو ایک کانچ کی بوتل میں مکس کرکے ایک گھنٹے کیلئے دھوپ میں رکھ لیں تیل تیار ہے۔

پورے جسم میں کہیں بھی جوڑوں یا پٹھوں کا درد ہو پانچ منٹ کیلئے اس تیل سے مساج کریں سارا درد دیکھتے ہی دیکھتے رفو چکر ہوجائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں